افغانستان ایران سرحد پر جھڑپ غلط فہمی کی وجہ سے ہوئی، طالبان

کابل(شِنہوا)طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے ایران اور افغانستان کی سرحدی فورسز کے مابین جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبہ نمروز میں ایران اور افغانستان کے مابین سرحدی پوائنٹ پر دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے مابین جھڑپ ہوئی۔

ذبیع اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ صوبہ نمروز کے ضلع کانگ کے سرحدی علاقہ میں افغانستان اور ایران کی سرحدی فورسز کے مابین ہونیوالی جھڑپ مقامی سطح پر پیدا ہونیوالی ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھی اور اسے حل کر لیا گیا ہے۔

ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ امارت اسلامیہ کی قیادت نے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔