نئے صدر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ویانا مذاکرات جاری رہیں گے ، ایران

تہران(شِنہوا)ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اگست میں نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی اور انکی کابینہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایران 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے کیے جانیوالے ویانا مذاکرات میں  شرکت جاری رکھے گا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق وزارت کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کے روز ایک آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران نے مشترکہ جامع عمل منصوبہ(جے سی پی او اے) کے نام سے معروف معاہدے کے مشترکہ کمیشن میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی انتظامیہ کے تحت ایران کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی ، مزید بتایا کہ امریکہ کی جانب سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور ایران کو اس کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی ایران اپنے وعدوں کی جانب لوٹ آئے گا۔