پاکستان میں کوویڈ۔19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 188 تک پہنچ گئی ہے.

قومی کمانڈ  اینڈ آپریشن سنٹر( این سی او سی ) نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں نوول کرونا وائرس کے 4 ہزار 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق ملک نوول کرونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے۔

این سی او سی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ 2 لاکھ 67 ہزار 238 کیسز کے ساتھ سندھ  سب سے زیادہ متاثرہ رہا ہے دوسرے نمبر پر  پنجاب ہے جہاں 2 لاکھ 37 ہزار 594 افراد کے ٹیسٹ نتائج مثبت آئے ہیں۔

سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 26 ہو گئی ہے۔ مزید بتایا کہ 4 ہزار 529 مریض پاکستان بھر کے ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

پاکستانی عوام کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوول کرونا وائرس کی تیسری لہر گزشتہ 2 لہروں کے مقابلے میں انتہائی خطرناک ہے۔