پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے تیسرے ملجم کلاس جہازکی تعمیر کے سلسلے میں ویلڈنگ تقریب کا ترکی میں انعقاد

اسلام آباد (آئی این پی) : پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے تیسرے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کے سلسلے میں ویلڈنگ تقریب کا انعقاد استنبول نیول شپ یارڈ میں کیا گیا۔ ترکی کے صدر جناب رجب طیب اردگان اور ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے مل کر ویلڈنگ کرتے ہوئے پراجیکٹ کا آغاز کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردگان نے دفاعی طور پر مشترکہ مقاصد رکھنے والے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کو پاک ترک دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ ترک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک اکونومک فریم ورک کو برادرانہ تعلقات میں مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے دفاعی شعبے میں ترکی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

ملجم کلاس جہاز جدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں بشمول زیر آب، سطح آب اور فضاء میں مار کرنے والے میزائل سسٹم اور جدید جنگی نظام سے لیس ہوں گے۔ یہ کارویٹس پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔ یہ جہاز پاک بحریہ کی کائینیٹک صلاحیتوں میں بھی اضافہ کریں گے اور بحر ہند میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

پاکستان بحریہ کے لیے چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسفات (ASFAT) کے ساتھ 2018 میں طے ہوا۔ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت دو جہاز ترکی جبکہ دو جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کئے جائیں گے۔