چینی سفیر کی سی پیک منصوبوں کی کامیابی میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف

اسلام آباد (آئی این پی)چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر یائوجنگ نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی کامیابی میں پاکستانی میڈیا کے معاون کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل میں پاکستانی میڈیا کا اہم کردار ہے۔ چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے جمعہ کویہاں اسلام آباد کے مقامی میڈیا کو دیئے گئے الوداعی استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے آغاز اور چین کے دوسرے مرحلے پر دستخط کرنے ، پاکستان فری تجارتی معاہدے کی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے دور کو انتہائی یادگار قرار دیا۔ یائو جنگ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات درست سمت میں آگے بڑھتے رہیں گے اور سی پیک کے منصوبے لوگوں کی فلاح و بہبود میں بہت حد تک معاون ثابت ہوں گے، الوداعی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یائو جنگ نے کہا کہ پاک چین تعلقات صرف سی پیک منصوبوں تک محدود نہیں ہیں ، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے ، جس میں دوطرفہ مفادات کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اپنی دہائیوں پرانی شراکت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔انھوں نے حکومت اور پاکستان کی عوام کی طرف سے بھر پور تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین سفارتی تعلقات اور سماجی و اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے لئے میڈیا ان کی حمایت میں سب سے آگے رہا ہے۔واضح رہے کہ سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نے پاکستان میں اپنے دور سفارتکاری میں پاک چین اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی دسمبر 2017میں پاکستان میں چین کے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سنبھالنے والے چینی سفیر یائو جنگ نے بالخصوص کورونا وائرس وبا پھیلنے کے دوران پاکستانی عوام سے سچی محبت کا اظہار کیا۔انہوں نے چینی سفارت خانے میں اپنی ٹیم ممبران کے ساتھ کرونا وائرس سے متاثرہ پاکستانی عوام کو چینی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ا مداد کی بروقت فراہمی کے لئے انتھک کوششیں کیں۔ یائو جنگ نے سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے لئے چین کی حمایت کو فروغ دینے کے لئے انتھک کوششیں کیں سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نے سی پیک کے خلاف مغربی اور ہندوستانی لابی کے منفی پروپیگنڈا کا موثر طریقے سے مقابلہ کیا۔