سلطنت نے کووڈ19میں اجتماع کے انتظام کا عملی نمونہ پیش کیا :اوآئی سی

اسلام آباد(آئی این پی )اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی )کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف اے العثیمین نے الحرمین الشریفین کی نگران قیادت شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کورواں سال غیرمعمولی حج سیزن پر کامیاب انتظامات پر مبارکباددی ہے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہ سعودی سلطنت نے بڑے اجتماع کے انتظامات اور بحران کی صورت میں ایک سبق دیا ہے اور ایک ماڈل پیش کیاہے اور اس نے کسی بھی عازم حج کو کورونا وائرس کا کیس ریکارڈ کئے بغیر کورونا وائرس کی عالمی وبا ء کے مشکل دنوں میں بھی حج تقریبات کاکامیابی سے انتظام کیا۔انہوں نے کہا کہ "اس کامیابی کا احساس اللہ تعالی کی رہنمائی سے ممکن ہوا ہے ، وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے ہی بادشاہت کی جانب سے کئے گئے صحیح اقدامات اور فیصلوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ان صحیح اقدامات میں عمرہ کی معطلی اور مسجدنبوی میں آنے پر پابندی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور عازمین کی محدود تعداد کو حج کی اجازت دے کر تقریبات کے اہتمام کا فیصلہ بھی انتہائی اہم اور قابل تعریف ہے۔ العثیمین نے کہاکہ سلطنت کی جانب سے اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا کہ ہرشخص کورونا وائرس کے خطرے سے مکمل طور پرمحفوظ ہے ۔ سیکرٹری جنرل اوآئی سی نے کہاکہ مملکت نے رواں سال کے غیر معمولی حج سیزن میں انسانی جان کے تحفظ کے اصول کی تصدیق کی ہے ، جو اسلامی شریعت کے مقاصد اور ان میں شامل پانچ ضروریات میں سے ایک ہے۔ْ