چینی مین لینڈ پر نوول کروناوائرس کا کوئی نیا مقامی کیس سامنے نہیں آیا

چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے ضلع لیوان میں تھاؤ یوآن کِنڈر گارٹن میں بچے ہتھ ریڑھیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ صوبہ گوانگ ڈونگ میں نوول کروناوائرس کی وبا ختم ہونے پر منگل کے روز سے کِنڈر گارٹنز دوبارہ کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ (شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا) چین کے قومی صحت کمیشن نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر منگل کے روز نوول کروناوائرس کی مقامی سطح پر ترسیل کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

قومی صحت کمیشن نے بدھ کے روز اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہا کہ مین لینڈ پر 1 درآمدی کیس صوبہ گوانگ ڈونگ میں سامنے آیاہے۔

کمیشن کے مطابق اس مرض کے باعث کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

منگل کے روز 1 مشتبہ کیس شنگھائی میں سامنے آیا جو کہ بیرون ملک سے در آ مد ہوا ہے۔

منگل کے روز ایک شخص کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید بیمار افراد کی تعداد 1 کی کمی کے بعد 2رہ گئی۔

ایک تازہ ترین جائزہ اور نظر ثا نی کے بعد سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق منگل تک مین لینڈ پر مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 83 ہزار 21 تک پہنچ گئی جن میں سے 73مریضوں کا تاحال علاج جاری ہے جبکہ 78 ہزار 314افراد کو فارغ کیا جا چکا ہے۔

کمیشن نے کہاکہ اس بیماری کے باعث مجموعی طور پر 4ہزار634افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

منگل تک مین لینڈ پر کل 1ہزار762درآمدی کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 1ہزار 699 کیسز کو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ 63 تاحال ہسپتالوں میں ہیں، ان مریضوں میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے، درآمدی کیسز میں سے کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

کمیشن نے کہاکہ 3افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے جو کہ تینوں ہی بیرون ملک سے آئے ہیں۔

کمیشن کے مطابق4ہزار609قریبی رابطہ کار تاحال طبی نگرانی میں ہیں جبکہ منگل کے روز 370 افراد کو طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا۔

منگل کے ہی روز مین لینڈ پر بغیر علامات والے 4نئے کیسز سامنے آئے، کسی کیس کو مصدقہ کیسز کے درجہ میں شامل نہیں کیا گیا اور بغیر علامات والے 18کیسز کو طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا۔

جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کے علاقہ گوانگ ژو میں چھِمی لونگ پانی کے تالاب میں بچے لطف اندوز ہورہے ہیں۔(شِنہوا)

کمیشن نے کہاکہ بغیر علامات والے357کیسز تاحال طبی نگرانی میں ہیں جن میں سے 40بیرون ملک سے آئے ہیں۔

منگل تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 4ہلاکتوں سمیت 1ہزار93مصدقہ کیسز، مکاؤ میں 45مصدقہ کیسز جبکہ تائیوان میں 7ہلاکتوں سمیت443مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ہانگ کانگ میں 1ہزار38، مکاؤ میں 45جبکہ تائیوان میں 427مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔