کورونا کیخلاف جدوجہد،پاکستانی نژاد کیلئے امریکی اعزاز

واشنگٹن(آئی این پی)عالمی وبا کورونا سے نمٹنے والے فرنٹ لائن فائٹرز کو بسکٹس عطیہ کرنے والی پاکستانی نژاد نوعمر لیلی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ہیروز کی تقریب میں  انہیں اعزاز سے نواز،لیلیٰ خان نے گرلز اسکاوئٹس کو کوکیزبسکٹ کے 100 باکسز اور تشکر کے کارڈز پیش کیے تھے۔ پاکستانی سفارتخانے نے اعزاز لیتے ہوئے نو عمر لڑکی کی تصویر شئیر کر دی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کورونا سے نمٹنے والے فرنٹ لائن فائٹرز کو بسکٹس عطیہ کرنے والی پاکستانی نژاد نوعمر لیلی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اعزاز سے نوازا۔امریکا میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ہیروز کو سراہنے کے لیے سرکاری طور پر  ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 10سالہ پاکستانی نژاد امریکی نوعمر لڑکی لیلی خان کو طبی عملے اور فائر فائٹرز کو عطیہ دینے پر اعزاز سے نوازا۔تقریب میں لیلی کی خدمات کے اعتراف میں ٹرمپ نے انہیں خود تعریفی سند عطا کی اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔امریکا میں جاری گرلز اسکاوٹس کوکیز فنڈ ریزنگ مہم میں حصہ لینے والی لیلی خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خدمات پیش کرنے والے مقامی طبی عملے اورفائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گرلز اسکاوئٹس کوکیزبسکٹ کے 100 باکسز اور تشکر کے کارڈز پیش کیے تھے۔پاکستان میں واقع امریکی سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر  لیلی خان اور ٹرمپ کی تصویر  کے ساتھ پیغام بھی شیئر کیا۔واضح رہے کہ ہرسال امریکا بھر میں جنوری سے اپریل تک ہونے والی گرلز اسکاوٹس کوکیز فنڈ ریزنگ مہم کے دوران 10لاکھ سے زائد لڑکیاں 20 کروڑ سے زائد کوکیز باکسز فروخت کرکے 800 کروڑ ڈالرز مالیت تک کے عطیات جمع کرتی ہیں۔کوکیز باکس کی فروخت سے جمع ہونے والی رقم فلاحی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔