ٹرمپ تنقید کی زد میں

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے مواخذے کی کارروائی کے محرک بننے والے ممکنہ طور پر وسل بلور (حقائق سامنے لانے والے)شخص کا نام سامنے لانے پر وائٹ ہائوس کو سخت تنقید کا سامنا ہے جبکہ ان کی اپنی جماعت کی جانب سے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوکرین کا اسکینڈل عیاں کرنے والے سی آئی اے کے اہلکار کا نام ظاہر کرنے والی رپورٹ کو ری ٹوئٹ کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس حرکت کو وسل بلور کو خفیہ رکھنے کی ضمانت دینے کے قانون کی خلاف ورزی سمجھا جارہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی ریبپلکن پارٹی کے سینیٹر جون کینیڈی نے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر صدر ٹوئٹ میں تھوڑا تحمل کا مظاہرہ کرتے تو یہ لوگوں کے دماغ پر اثر نہیں ڈالتا تاہم صدر میری تجویز نہیں مانتے اور نہ ہی میں ان سے ایسا کرنے کی امید کرتا ہوں’۔