پاکستان کی گرفت مضبوط

کراچی (آئی این پی) کراچی ٹیسٹ پر پاکستان نے اپنی گرفت مضبوط کر لی۔دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کو جیت کیلئے 264رنز اور پاکستان کو 3وکٹیں درکار ہیں۔سری لنکا نے 476رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں7وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنا لئے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں اوشادہ فرنیننڈو102رنز بناکر ناقابل شکست ہیں جبکہ ڈیک والا65رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے3،محمد عباس،شاہین شاہ آفریدی،یاسر شاہ اورحارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 3وکٹوں کے نقصان پر555رنز پر ڈکلیئر کر دی۔پاکستان کی جانب سے عابد علی اور شان مسعود کے بعدکپتان اظہر علی ،بابر اعظم نے بھی سنچریاں سکور کیں۔اظہر علی118،بابر اعظم100رنز بنا کر نمایاں رہے۔اتوار کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جارہی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے 385رنز دو کھلاڑی آئوٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی کپتان اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔اظہر علی ایک عرصے بعد بھرپور فارم میں نظر آئے اور بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔قومی ٹیم کے کپتان 118رنز بنا کر لاستھ ایمبل ڈینیا کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔اظہر علی کے آئوٹ ہونے کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری اسکور کی اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔بابر اعظم 131گیندوں پر7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست100رنز بنائے ۔پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 555رنز 3کھلاڑی آئوٹ ہر اپنی دوسری نامکمل اننگز ڈیکلیئر کی تو بابر اعظم سنچری جبکہ محمد رضوان 21رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز دمتھ کرونارتنے اور اوشادا فرنینڈو نے دوسری اننگز میں اپنی ٹیم کو 39رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر محمد عباس کی گیند پر سری لنکن کپتان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں نسیم شاہ نے کوشل مینڈس کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیا اور بابر اعظم کی مدد سے چلتا کردیا۔اس مرحلے پر اوشادا فرنینڈو کا ساتھ دینے تجربہ کار اینجلو میتھیوز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 70تک پہنچا دیا، اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طویل ہوتی، شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی محمد رضوان کی مدد سے میتھیوز کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔پاکستان کو چوتھی کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور دنیش چندیمل بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر پویلین لوٹ گئے انہیں نسیم شاہ نے ایل بی ڈلیو آئوٹ کیا جبکہ ایک اوور بعد یاسر شاہ نے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے دھننجیا ڈی سلوا کی وکٹیں بکھیر دیں۔ سر ی لنکا کی6وکٹ 201 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب نورشان ڈکویلا 65رنز بنا کر پارٹ ٹائم بولر حارث سہیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔چوتھے دن کھیل کے اختتامی لمحات میں نوجوان بائولر نسیم شاہ نے سری لنکا کی 7ویں وکٹ بھی اڑا دی اوردلرون پریرا5رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک سری لنکا نے7وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنا لئے ہیں ۔سری لنکا کی جیت کیلئے مزید 264رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کیلئے محض3وکٹیں درکار ہیں۔یاد رہے کہ میچ کے تیسرے دن عابد علی اور شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت پدولت پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 395 رنز بنا کر 305 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔