دس لاکھ شہری پاکستان سیٹیزن پورٹل سے جڑ چکے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دس لاکھ شہری پاکستان سیٹیزن پورٹل سے جڑ چکے ہیں، آٹھ لاکھ شکایات اب تک رجسٹر ہوئی ہیں جن میں سے چھ لاکھ اسی ہزار شکایات نمٹائی جاچکی ہیں۔بدھ کے روز وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم سیٹیزن پورٹل کے آغاز سے لیکر آج تک آٹھ ماہ کے قلیل عرصے میں دس لاکھ شہری پاکستان سیٹیزن پورٹل سے جڑ چکے ہیں۔ شکایات کے ازالے کے لئے اس نظام کی اثریت اور عوام کے اس پر اعتماد کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ذمہ دار تک رسائی کے لئے اب کسی سیاسی یا افسرانہ وسیلے کی بالکل کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ آٹھ لاکھ شکایات اب تک رجسٹر ہوئی ہیں جن میں سے چھ لاکھ اسی ہزار شکایات نمٹائی جاچکی ہیں