چین زر مبادلہ کی منڈی کا استحکام برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چائنا پیپلز بینک

بیجنگ (آئی این پی ) چین کے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ چین زر مبادلہ کی منڈی کے استحکام کو برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے،چین کی معیشت اور شعبہ مالیات کا استحکام زر مبادلہ اور آر ایم بی کی شرح تبادلہ کے استحکام کے لیے مضبوط سہارا دے رہا ہے،چین اپنی پالیسیوں کے مطابق شعبہ مالیات کے دروازے مزید کھولے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چائنا پیپلز بینک کے نائب صدر ، زر مبادلہ کے قومی انتظامی بیورو کے سربراہ پان گونگ شنگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین زر مبادلہ کی منڈی کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اعتماد اور صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس وقت چین کی معیشت مستحکم ہے ۔ تمام اہم ڈیٹا مناسب ہے۔ پرانی اور نئی توانائی کے استعمال میں تبدیلی کی رفتار تیز ہورہی ہے اور میکرو معیشت کا رجحان برقرار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال چین کی زر مبادلہ کی منڈی مستحکم رہی ۔ بیرونی سرمایہ کاری کے حصول میں اضافہ ہوا ۔ زر مبادلہ کے ذخائر میں استحکام کے ساتھ اضافہ ہوا ہے ۔پان گونگ شنگ نے مزید کہا کہ چین اپنی پالیسیوں کے مطابق شعبہ مالیات کے دروازے مزید کھولے گا اور اس شعبے میں اصلاحات بھی رکھے گا تاکہ بیرونی تجارت مزید آسان ہو ، بیرونی سرمایہ کاروں کے قانونی حقوق کا تحفظ کیا جائے اور سازگار تجارتی ماحول پیدا کیا جائے۔